بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں مالی لین دین کے تنازع نے خونریز تصادم کی شکل اختیار کر لی، جہاں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ زین کوہ درینجن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں رقم کے تنازع پر دونوں فریق آمنے سامنے آ گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دونوں گروپوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں تبدیل ہو گئی۔ دونوں جانب سے ہونے والی شدید فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا، جسے فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک گروپ سے تعلق رکھنے والے باپ اور بیٹا شامل ہیں، جبکہ دوسرے فریق کے دو سگے بھائی بھی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی افراد گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ جائے وقوعہ سے مختلف شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور فائرنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق علاقے میں مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے اضافی پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔
ڈیرہ بگٹی میں رقم کے تنازع پر فائرنگ، 4 افراد جاں بحق
