گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور مختلف حلقوں سے موصول ہونے والے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج نے ایک دلچسپ سیاسی مقابلے کی تصویر پیش کی ہے۔ ابتدائی رجحانات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کئی اہم حلقوں میں برتری حاصل کیے ہوئے ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) بھی متعدد نشستوں پر مضبوط پوزیشن میں نظر آ رہی ہے۔ آزاد امیدواروں اور دیگر جماعتوں نے بھی کئی حلقوں میں غیر متوقع کارکردگی دکھائی ہے۔
اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق جی بی اے 1 گلگت 1، جی بی اے 3 گلگت 3، جی بی اے 4 نگر 1، جی بی اے 9 اسکردو 3، جی بی اے 10 اسکردو 4، جی بی اے 11 کھرمنگ، جی بی اے 12 شگر، جی بی اے 13 استور 1 اور جی بی اے 17 دیامر 3 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ابتدائی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) جی بی اے 2 گلگت 2، جی بی اے 14 استور 2، جی بی اے 18 دیامر 4، جی بی اے 19 غذر 1 اور جی بی اے 22 گھانچے 1 میں آگے دکھائی دے رہی ہے۔ سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان حلقہ جی بی اے 2 میں نمایاں برتری کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔
انتخابات میں آزاد امیدوار بھی بھرپور انداز میں سامنے آئے ہیں۔ جی بی اے 5 نگر 2، جی بی اے 6 ہنزہ، جی بی اے 20 غذر 2، جی بی اے 23 گھانچے 2 اور جی بی اے 24 گھانچے 3 میں آزاد امیدوار ابتدائی نتائج کے مطابق سبقت لیے ہوئے ہیں۔ خاص طور پر گھانچے 3 میں آزاد امیدوار اسد شفیق کی نمایاں برتری سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
دیگر جماعتوں میں استحکام پاکستان پارٹی جی بی اے 7 اسکردو 1 اور جی بی اے 16 دیامر 2 میں مضبوط پوزیشن میں نظر آ رہی ہے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین جی بی اے 8 اسکردو 2 میں ابتدائی برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) بھی جی بی اے 15 دیامر 1 میں سب سے آگے ہے۔
ابتدائی رجحانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ کوئی ایک جماعت واضح اکثریت کی جانب بڑھتی ہوئی نظر نہیں آ رہی، جس کے باعث آزاد امیدوار اور چھوٹی جماعتیں حکومت سازی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ تاہم یہ تمام نتائج غیر سرکاری اور غیر حتمی ہیں اور حتمی تصویر مکمل نتائج آنے کے بعد ہی واضح ہوگی۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 جنرل نشستوں پر انتخابات ہوئے ہیں جبکہ حکومت بنانے کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو کم از کم 17 نشستوں کی حمایت درکار ہوگی۔
گلگت بلتستان انتخابات: ابتدائی نتائج میں پیپلز پارٹی آگے، ن لیگ کا بھی مضبوط مقابلہ
