Baaghi TV

سرگودھا میں بچی سے زیادتی کی تصدیق، موت شہ رگ کٹنے سے ہوئی، پوسٹ مارٹم رپورٹ

سرگودھا میں 7 سالہ منتہا زہرہ کے قتل کیس میں ہولناک انکشافات: پوسٹ مارٹم میں زیادتی کی تصدیق، لواحقین کا تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
سرگودھا میں اغوا کے بعد بے دردی سے قتل کی جانے والی 7 سالہ معصوم بچی منتہا زہرہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے جس میں بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی تصدیق کے ساتھ ساتھ یہ لرزہ خیز انکشاف ہوا ہے کہ اس کی موت شہ رگ کٹنے سے ہوئی، جبکہ اس کے چہرے اور ماتھے کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں اور جسم پر تشدد کے 7 نشانات پائے گئے۔
یہ معصوم بچی کریانہ کی دکان پر سامان خریدنے گئی تھی جہاں اسے اس درندگی کا نشانہ بنایا گیا، اور اگرچہ واقعے کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے (جس کی لاش لینے سے اس کے اپنے گھر والوں نے انکار کر دیا اور اہل علاقہ نے اسے آبائی قبرستان میں دفن بھی نہیں ہونے دیا)، تاہم مقتولہ کے اہلِ خانہ نے موجودہ پولیس تفتیش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
لواحقین کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے بچی کی لاش تیسری منزل سے ملی اور واقعے کے وقت دکان میں 5 افراد موجود تھے جن تمام سے تفتیش ہونی چاہیے، اسی سلسلے میں انہوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اپیل کی ہے کہ وہ واقعے کا نوٹس لے کر خاندان کو مکمل اور شفاف انصاف فراہم کریں۔

More posts