Baaghi TV

دس سال بعد گمشدہ منگنی کی انگوٹھی مالک کو واپس مل گئی

‎امریکا کی ریاست مشی گن میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جہاں تقریباً ایک دہائی قبل ٹوائلٹ میں گر کر گم ہونے والی منگنی کی انگوٹھی بالآخر اپنی اصل مالک تک پہنچ گئی۔ اس غیر معمولی واقعے نے نہ صرف انگوٹھی کی مالک بلکہ اسے تلاش کرنے والی ٹیم کو بھی جذباتی کر دیا۔
‎میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مقامی پلمبنگ کمپنی کے کارکن شاپنگ پلازہ میں سیوریج لائن کی مرمت کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک پائپ کے اندر انہیں ایک چمکتی ہوئی چیز نظر آئی۔ کمپنی کے مالک گریگ جانسن نے بتایا کہ جب انگوٹھی نکالی گئی تو ٹیم نے فیصلہ کیا کہ اس کے اصل مالک کو تلاش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔
‎اس مقصد کے لیے پلمبنگ کمپنی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں انگوٹھی ملنے کی اطلاع دی گئی۔ یہ پوسٹ دیکھنے کے بعد ایک خاتون، جو ماضی میں اسی علاقے میں کام کرتی تھیں، نے کمپنی سے رابطہ کیا اور بتایا کہ تقریباً دس سال پہلے ایک گاہک کی منگنی کی انگوٹھی ٹوائلٹ میں گر گئی تھی۔ اس وقت اسے نکالنے کی بھرپور کوشش کی گئی تھی لیکن کامیابی نہیں مل سکی تھی۔
‎خاتون نے انگوٹھی کی مالک کیرول اورم سے رابطہ کیا، جس کے بعد کیرول پلمبنگ کمپنی کے دفتر پہنچیں۔ کمپنی کے جنرل منیجر جیسن میٹزنک کے مطابق جیسے ہی کیرول نے انگوٹھی دیکھی، انہوں نے فوراً اسے پہچان لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی انگوٹھی ہے جو انہیں 1965 میں شادی کے موقع پر ملی تھی۔
‎سیوریج لائن میں دس سال تک رہنے کی وجہ سے انگوٹھی بری طرح آلودہ ہو چکی تھی اور اس کی اصل چمک ختم ہو گئی تھی۔ بعد ازاں ایک مقامی سنار نے اسے صاف کر کے دوبارہ پالش کیا، جس سے وہ اپنی پہلی جیسی خوبصورتی میں واپس آ گئی۔
‎جیسن میٹزنک کے مطابق جب کیرول نے دوبارہ اپنی انگوٹھی انگلی میں پہنی تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو بہنے لگے۔ پلمبنگ کمپنی کے عملے نے بھی اس یادگار لمحے کو اپنی زندگی کے خوشگوار ترین تجربات میں سے ایک قرار دیا۔

More posts