Baaghi TV

‎نئی دہلی اور ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمیشنز میں جشن آزادی کی تقریبات

‎پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی اور بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں قائم پاکستانی ہائی کمیشنز میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ دونوں مقامات پر قومی پرچم کشائی کی گئی اور پاکستان کی آزادی کی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
‎نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم آزادی کی تقریب روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب میں پاکستانی ناظم الامور سعد احمد وڑائچ، ہائی کمیشن کے افسران، عملے اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
‎سعد احمد وڑائچ نے چانسلری کے لان میں قومی پرچم لہرایا، جبکہ تقریب کے دوران صدر مملکت اور وزیراعظم پاکستان کے یوم آزادی کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
‎اپنے خطاب میں پاکستانی ناظم الامور نے دو قومی نظریے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کی اس دیرینہ خواہش کی تکمیل تھا کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔
‎تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور مختلف ٹیبلوز کے ذریعے قومی جذبے اور حب الوطنی کا اظہار کیا۔ شرکا نے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
‎دوسری جانب بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن میں بھی یوم آزادی کی تقریب بھرپور انداز میں منعقد ہوئی۔ ہائی کمشنر عمران حیدر نے قومی پرچم کشائی کی، جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔
‎تقریبات میں پاکستان کی آزادی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور قومی اتحاد، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

More posts