کراچی کے علاقے شرف آباد میں واقع عالمگیر ہائٹس میں پیش امام کے گھر چوری کی بڑی واردات سامنے آئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان کروڑوں روپے مالیت کا سونا اور 90 لاکھ روپے نقدی لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شخص نے نیو ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ 18 جنوری کی شام وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ دھورا جی میں اپنی والدہ سے ملنے گئے تھے۔ رات ایک بجے کے بعد گھر واپس آئے تو پڑوسی نے اطلاع دی کہ فلیٹ کا دروازہ کھلا ہوا ہے۔
متاثرہ شخص کے مطابق گھر کے تمام تالے درست حالت میں تھے، تاہم کمرے میں سامان بکھرا پڑا تھا اور دو ہینڈ بیگز خالی حالت میں موجود تھے۔ الماریوں اور دیگر جگہوں کی تلاشی کے بعد معلوم ہوا کہ امانتاً رکھے گئے 90 لاکھ روپے نقد اور تقریباً 48 تولہ سونے کے زیورات غائب ہیں۔
پیش امام نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش کر کے ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔
دوسری جانب کراچی میں ایک مندر میں چوری کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق 14 جنوری کو ڈولی کھاتہ پیر ٹول مندر میں دو ملزمان نے مورتیاں، پوجا کا سامان، چاندی کی جیولری اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے لوٹا گیا سامان برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔
کراچی میں پیش امام کے گھر بڑی چوری، کروڑوں روپے کا سونا اور 90 لاکھ نقدی غائب
