Baaghi TV

محسن نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل انتظامیہ اور فرنچائز مالکان کا اجلاس

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی انتظامیہ اور تمام فرنچائز مالکان کا اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی کامیابیوں اور آئندہ سیزن کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران شرکا نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لیگ میں ہونے والی نمایاں تبدیلیوں کا بغور جائزہ لیا۔ اجلاس میں 11ویں سیزن کے دوران کھیلے گئے 44 میچز میں کرکٹ کے معیار، مقابلوں کی دلچسپی اور مجموعی انتظامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔شرکا کو بتایا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 نے سوشل میڈیا، اسٹریمنگ پلیٹ فارمز اور ٹیلی ویژن پر ریکارڈ ویورشپ حاصل کی، جسے لیگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا واضح ثبوت قرار دیا گیا۔اجلاس میں آئندہ سیزن کی ونڈو، پلیئنگ کنڈیشنز، ڈائریکٹ سائننگ اور کھلاڑیوں کی ریٹینشن پالیسی پر بھی غور کیا گیا۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ ان اہم امور پر جلد ورکشاپس منعقد کی جائیں گی تاکہ تمام فرنچائزز کی مشاورت سے بہتر فیصلے کیے جا سکیں۔

شرکا نے مشکل حالات میں بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔اجلاس میں آف سیزن اور پری سیزن کے دوران شائقین کرکٹ کی دلچسپی برقرار رکھنے کے لیے مختلف سرگرمیوں کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل اور تمام آٹھ فرنچائزز کے باہمی اشتراک سے لیگ کا آفیشل مرچنڈائز پلیٹ فارم بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ شائقین کو باضابطہ اور معیاری مصنوعات فراہم کی جا سکیں۔اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا، جبکہ اجلاس کے مقام اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

More posts