Baaghi TV

کراچی دنیا کا چوتھا بدترین شہر پیپلز پارٹی کی وجہ سے بنا: مفتاح اسماعیل

‎سابق وفاقی وزیر خزانہ اور عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کراچی کی موجودہ صورتحال پر سندھ میں حکمران پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی دنیا کا چوتھا بدترین شہر بن چکا ہے اور شہر کی یہ حالت پیپلز پارٹی کی 18 سالہ حکمرانی کا نتیجہ ہے۔
‎سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ کراچی سے بھی بدتر قرار دیے جانے والے تین شہروں میں سے دو اس وقت خانہ جنگی کا شکار ہیں، جبکہ تیسرے شہر میں حکومت مخالف احتجاج کے دوران سیکڑوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو اس مقام تک پہنچانے میں پیپلز پارٹی کی طویل حکمرانی کا کردار ہے۔
‎مفتاح اسماعیل نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد ایک مؤثر اور بااختیار مقامی حکومت کے نظام کو کمزور کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے میں سنجیدہ نہیں اور مؤثر بلدیاتی نظام کے قیام کی بھی مخالفت کرتی رہی ہے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے شہریوں کو سرکاری ملازمتوں، ترقیاتی منصوبوں اور پینے کے صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ مفتاح اسماعیل کے مطابق کراچی صوبے کی بڑی آبادی کا مرکز ہونے کے باوجود پانی اور دیگر وسائل کی مناسب تقسیم سے محروم ہے۔
‎عوام پاکستان پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کراچی کے شہری ٹوٹی ہوئی سڑکوں، جگہ جگہ پھیلے کچرے، پینے کا پانی خریدنے کی مجبوری، پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی اور گٹر کے پانی جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مین ہولز میں گر کر بچوں کی ہلاکتوں اور شہری اداروں میں مسائل کے حل کے لیے پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔
‎مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اب اختیارات کی حقیقی منتقلی کی ضرورت ہے، چاہے یہ بااختیار مقامی حکومتوں، نئے انتظامی یونٹس یا چھوٹے صوبوں کی صورت میں ہو۔ ان کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے شہری مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔

More posts