Baaghi TV

میر رضا کیس،جوڈیشل کمیشن کا وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار کو نوٹس جاری کرنے کا حکم

کراچی: میر رضا کیس کی سماعت کے دوران جوڈیشل کمیشن نے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کو طلب کرنے کے لیے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

آج ہونے والی سماعت میں میر رضا کے والد اور بہن کے علاوہ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ بھی کمیشن کے سامنے پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے کمیشن کی جانب سے کیے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔سماعت کے دوران وکیل جبران ناصر نے کمیشن کو بتایا کہ میر رضا کے جسم سے حاصل کیے گئے نمونے تاخیر سے لیبارٹری پہنچائے گئے۔ اس پر کمیشن نے سوال کیا کہ کیا ان سیمپلز کی بھی کوئی شیلف لائف ہوتی ہے؟ڈاکٹر سمعیہ نے جواب دیا کہ عمومی طور پر تاخیر سے فرق نہیں پڑتا، تاہم اگر تاخیر کے باعث کسی کیمیکل کا ٹریس نہ مل سکے تو اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی پروفائل کیسز میں عموماً سیمپلز لیبارٹری پہنچانے میں تاخیر نہیں کی جاتی،سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے اعتراض اٹھایا کہ سوالات کمیشن کی جانب سے کیے جانے چاہئیں، جبران ناصر کی طرف سے نہیں،اس پر کمیشن نے ریمارکس دیے کہ اگر مقتول کے خاندان کو کوئی سوال پوچھنا ہے تو سندھ حکومت کو اس پر کیا اعتراض ہے؟ کیا آپ کچھ چھپا رہے ہیں؟کمیشن نے کہا کہ وزیر داخلہ سندھ کو طلب کرنے کے لیے نوٹس جاری کیے جائیں۔ کمیشن کا کہنا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کے رویے کے باعث وزیر داخلہ کو طلب کرنا چاہیے۔بعد ازاں ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی مداخلت پر کمیشن نے کارروائی عارضی طور پر معطل کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

More posts