برطانیہ نے لبنان میں حزب اللہ کے مالیاتی شعبے اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے مطابق حکومت عالمی انسانی حقوق اور انسداد دہشت گردی کی پابندیوں کے نظام میں نئی نامزدگیاں شامل کررہی ہے، جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی توسیع میں معاونت کرنے والے عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ لبنان میں حزب اللہ کے مالیاتی شعبے پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔ ان کے مطابق یہ پابندیاں ناانصافی کی نشاندہی اور اس کے خلاف عملی اقدام کے لیے برطانیہ کے نئے طریقہ کار کا حصہ ہیں۔ برطانوی حکومت نے انسداد دہشت گردی پابندیوں کے نظام میں ایک نئی نامزدگی جبکہ عالمی انسانی حقوق پابندیوں کے نظام میں 5 نئی نامزدگیاں شامل کی ہیں۔
غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہاں کے عوام 3 سال سے زائد عرصے سے انتہائی مشکل حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ ان کے مطابق برطانیہ، یورپی یونین اور امریکا کے تعاون سے ایران پر بڑی اقتصادی پابندیاں بھی دوبارہ عائد کی جارہی ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے کی صورتحال کے حوالے سے ایڈ ملی بینڈ نے کہا کہ برطانوی حکومت اس مؤقف سے متفق ہے کہ وہاں فلسطینیوں کی نسل کشی ہورہی ہے۔ برطانوی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں اور قبضے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اسرائیلی آبادکاری کے خلاف مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
برطانیہ کے مطابق مقبوضہ علاقوں میں قائم غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے سامان کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے گی، جبکہ اسرائیلی بستیوں کے لیے ایک نیا اور جامع پابندیوں کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ بستیوں کی توسیع کے لیے خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں، مالی معاونت کرنے والے اداروں اور رئیل اسٹیٹ خدمات فراہم کرنے والوں کو بھی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
برطانوی وزیر خارجہ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں پر پابندیوں سے متعلق قانون سازی آئندہ 6 سے 9 ماہ کے دوران نافذ کی جائے گی۔ مشترکہ اعلامیے میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بستیوں کی توسیع اور شہری انتظامی اختیارات کے استعمال کو فوری طور پر روکے جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد پر جوابدہی یقینی بنائے۔
برطانیہ نے مزید اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی غیر قانونی بستیوں کے لیے استعمال ہونے والے بعض اسلحے کے لائسنس منسوخ کیے جائیں گے۔ ایڈ ملی بینڈ کا کہنا تھا کہ برطانیہ ایک وسیع بین الاقوامی اتحاد کے تحت دیگر ممالک کے ساتھ مل کر یہ اقدامات کررہا ہے۔
فرانس، برطانیہ اور کینیڈا سمیت 12 ممالک نے بھی غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کے خلاف معاشی پابندیوں کے اعلان کی حمایت کی ہے۔
