شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں قائم دینی درسگاہ دارالعلوم عربیہ میں دستار بندی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ، اساتذہ، مدرسے کی انتظامیہ، مقامی عمائدین اور بڑی تعداد میں علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاک فوج کے افسران نے دینی تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کی علمی و تعلیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس معاشرے میں اخلاقی اقدار، رواداری اور امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی علاقے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ پاک فوج نہ صرف ملکی دفاع کی ذمہ دار ہے بلکہ قبائلی اضلاع میں تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے فروغ کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں دارالعلوم عربیہ کی تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کی حمایت کے لیے پاک فوج کی جانب سے مالی معاونت بھی فراہم کی گئی، تاکہ ادارہ مزید بہتر انداز میں اپنی خدمات انجام دے سکے۔
تقریب کے اختتام پر مقامی عمائدین اور عوام نے پاک فوج کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سرپرستی سے علاقے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے پاک فوج اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کا رشتہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔آخر میں ملک کی سلامتی، ترقی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
