پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے اسلامی اسکالر ناصر مدنی کی جانب سے اپنے بارے میں کیے گئے تبصروں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتی ہیں اور انہیں معاف نہیں کریں گی۔
مومنہ اقبال نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اسٹوری میں ناصر مدنی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منبر پر بیٹھ کر ان پر لگائی گئی تہمت کو مزید ہوا دی ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف عائد کیے گئے الزامات حقیقت پر مبنی نہیں اور ان کی سچائی سے صرف وہ خود اور اللہ تعالیٰ واقف ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ دنیا اور آخرت دونوں کی عدالتوں میں سرخرو ہوں گی، تاہم ان کے بقول ناصر مدنی کو اللہ کی عدالت میں جواب دینا ہوگا۔ مومنہ اقبال نے کہا کہ کسی شخص پر بغیر ثبوت الزام لگانا اور اس کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانا اسلام کی تعلیمات کے خلاف اور ایک بڑا گناہ ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ اس معاملے میں ناصر مدنی کو معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے سورۃ النور کی ایک آیت کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کے ہاں ہر بات کا حساب ہوگا اور انصاف ضرور ملے گا۔
مومنہ اقبال کا یہ ردعمل سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں صارفین کی جانب سے مختلف آراء کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض افراد نے اداکارہ کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ بعض نے معاملے کی مکمل حقیقت سامنے آنے کا انتظار کرنے پر زور دیا۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مومنہ اقبال پہلے ہی ایک قانونی تنازع کے حوالے سے خبروں میں موجود ہیں۔ تاہم اداکارہ نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی ساکھ اور عزت کے دفاع کے لیے ہر ممکن قانونی اور اخلاقی راستہ اختیار کریں گی۔
ناصر مدنی صاحب! آپ نے منبر پر بیٹھ کر مجھ پر تہمت لگائی: مومنہ اقبال
