محرم الحرام 1448 ہجری کا چاند ملک بھر میں نظر نہیں آیا، جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یکم محرم الحرام 17 جون بروز بدھ جبکہ یوم عاشور 26 جون کو منایا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں اور سائنسی معلومات کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کا چاند کہیں بھی نظر نہیں آیا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ اعلان کیا کہ یکم محرم الحرام 1448 ہجری 17 جون کو ہوگی جبکہ 10 محرم الحرام یعنی یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ منایا جائے گا۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ 15 جون کو چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش صبح 7 بج کر 54 منٹ پر ہوئی تھی اور غروب آفتاب کے وقت اس کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 45 منٹ تھی، جو رویت کے لیے ناکافی سمجھی جاتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ لاہور میں چاند دیکھنے کا وقت شام 7 بج کر 12 منٹ سے 7 بج کر 52 منٹ تک تھا، تاہم مطلوبہ فلکیاتی شرائط پوری نہ ہونے کے باعث چاند کی رویت ممکن نہ ہو سکی۔
دوسری جانب وزارت مذہبی امور کی جانب سے مختلف شہروں میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی منعقد کیے گئے۔ اسلام آباد میں زونل کمیٹی کا اجلاس کوہسار بلاک میں ہوا جبکہ پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس منعقد کیے گئے۔
محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے اور اس کی دسویں تاریخ یوم عاشور کے طور پر منائی جاتی ہے، جو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مجالس، جلوسوں اور دیگر مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
محرم الحرام کا چاند نظر نہ آیا، یوم عاشور 26 جون کو ہوگا
