مون سون بارشوں نے خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں بھی شدید تباہی مچا دی ہے۔ موسلادھار بارشوں، چھتیں اور دیواریں گرنے، جبکہ کرنٹ لگنے کے مختلف حادثات کے نتیجے میں اب تک 8 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث متعدد شہروں میں معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں، جبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ 142 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیالکوٹ میں 139 ملی میٹر، منڈی بہاؤالدین میں 138 ملی میٹر اور نارووال میں 117 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں میں پانی کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ سیلابی خطرے کی صورت میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی مون سون بارشوں کا شدید سلسلہ جاری ہے، جہاں شہر کے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ آج سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 123 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ پانی والا تالاب میں 122 ملی میٹر، چوک ناخدا میں 106 ملی میٹر، سمن آباد میں 90 ملی میٹر اور سگیاں میں 82 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
شدید بارش کے باعث لاہور کے کئی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ متعدد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں بند ہو گئیں، جبکہ شہریوں کو دفاتر، تعلیمی اداروں اور گھروں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں نے شکایت کی کہ بارش کے بعد کئی علاقوں میں نکاسی آب کا مؤثر نظام نظر نہیں آیا اور انتظامیہ بروقت اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔ مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوئی اور روزمرہ زندگی متاثر رہی۔
پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کی کھلی تاروں، نشیبی علاقوں اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ برقرار رہنے کی صورت میں مزید احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے۔
پنجاب میں مون سون کی تباہ کاریاں، 8 افراد جاں بحق، متعدد اضلاع میں ہائی الرٹ جاری
