Baaghi TV

ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں ہو رہی ہیں،طلال چوہدری

talal

وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری سیکیورٹی کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبائی حکومتوں کی مکمل معاونت اور مشاورت سے کی جا رہی ہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں جو بھی کارروائیاں ہو رہی ہیں وہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہیں، جو ابتدا میں 2014-15 میں بنایا گیا تھا بعد ازاں پی ٹی آئی کے دورِ حکومت میں نیشنل ایکشن پلان ٹو تشکیل دیا گیا، جس پر تمام صوبائی حکومتیں اور سیاسی جماعتیں متفق ہوئیں، اس متفقہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد آج بھی صوبائی حکومتوں کی معاونت اور باہمی مشاورت کے ساتھ جاری ہے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز روزانہ کی بنیاد پر درجنوں کی تعداد میں کیے جاتے ہیں، جو صوبائی حکومتوں کی مشاورت اور تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے ہوتے ہیں، جن کارروائیوں کا ذکر حال ہی میں کیا گیا، وہ اس وقت خیبرپختونخوا اور سابق فاٹا کے علاقوں میں جاری ہیں، جن میں صوبا ئی حکومت مکمل طور پر آن بورڈ ہے۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ جن علاقوں میں آپریشنز ہو رہے ہیں وہاں کے عوام کے لیے ریلیف اور بحالی پیکج کے تحت صوبائی حکومت نے صوبائی کابینہ سے منظوری لے کر 5 ارب روپے مختص کیے ہیں،انہوں نے این ایف سی ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جولائی 2010 سے نومبر 2025 تک خیبرپختو نخوا کو مجموعی طور پر 5867 ارب روپے دیے جا چکے ہیں۔

More posts