نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو بلاشیڈول اور غیر ضروری لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے سخت احکامات جاری کردیئے۔
نیپرا نے واضح کیا ہے کہ لائن لاسز اور ریکوری کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ کرنا قانونی طور پر قابل قبول نہیں، جبکہ زیادہ نقصانات کی بنیاد پر کسی فیڈر کی بجلی بند کرنے کا عمل بھی فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق بجلی چوری یا بلوں کی عدم ادائیگی کی سزا ان صارفین کو نہیں دی جاسکتی جو باقاعدگی سے اپنے بجلی کے بل ادا کررہے ہیں۔ باقاعدہ بل ادا کرنے والے صارفین کو بلاجواز اور غیر ضروری لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے، جبکہ کے الیکٹرک پر تمام صارفین کو بلاامتیاز بجلی فراہم کرنے کی قانونی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی ہے کہ بجلی چوری اور لائن لاسز پر قابو پانے کے لیے پورے فیڈر کی بجلی بند کرنے کے بجائے متبادل اقدامات کیے جائیں۔ بجلی کے نادہندگان اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف انفرادی طور پر کارروائی کی جائے تاکہ قانون کی پابندی کرنے والے صارفین متاثر نہ ہوں۔
اتھارٹی نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنانے اور قانونی کارروائی تیز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اس مقصد کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون بڑھانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ بجلی چوری اور غیر قانونی کنکشنز کا خاتمہ کیا جاسکے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو بجلی کے نقصانات میں کمی کے لیے مرحلہ وار اور مقررہ مدت پر مشتمل جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ منصوبے میں نقصانات کم کرنے، بجلی چوری روکنے اور صارفین کو بہتر اور مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیپرا نے واضح کیا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز کا بوجھ ان صارفین پر منتقل نہیں کیا جاسکتا جو باقاعدگی سے اپنے بل ادا کررہے ہیں، لہٰذا کے الیکٹرک کو قانونی تقاضوں کے مطابق بجلی کی فراہمی کا نظام بہتر بنانے اور غیر ضروری لوڈشیڈنگ سے فوری اجتناب کرنا ہوگا۔
