Baaghi TV

اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی صورتحال، عالمی چیلنجز اور اقوام متحدہ کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو آگے بڑھانے کے لیے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو سراہا۔

نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے ساتھ پاکستان کے مضبوط عزم اور دیرینہ و قریبی شراکت داری کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ فریقین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جاری امور اور عالمی سطح پر امن و سلامتی سے متعلق مختلف معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انتونیو گوتریس نے کثیرالجہتی سفارت کاری میں پاکستان کے تعمیری اور اصولی کردار کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی خدمات کی تعریف کی۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جسے انتونیو گوتریس نے قبول کرلیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورہ پاکستان کی تاریخیں طے کرنے کے لیے وزارت خارجہ پاکستان، اقوام متحدہ کے سیکریٹریٹ کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور باہمی مشاورت سے دورے کا حتمی شیڈول طے کیا جائے گا۔

More posts