محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمی کی ایک اور شدید لہر کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے مطابق 7 مئی سے ہیٹ ویو کی نئی لہر شہر کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کے مطابق کراچی میں اس وقت بھی شدید گرمی برقرار ہے اور آج درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ تاہم کل سے درجہ حرارت میں معمولی کمی متوقع ہے، جس کے بعد پارہ تقریباً 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ شدت عارضی طور پر کم ہونے کے باوجود مکمل طور پر ختم نہیں ہو رہی، اور 7 مئی سے ایک بار پھر درجہ حرارت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید پیشگوئی کے مطابق 13 مئی کے بعد بھی درجہ حرارت دوبارہ بڑھنے کا امکان ہے، جس سے مئی کے وسط میں بھی شدید گرمی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو سخت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دوپہر کے اوقات میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی اور او آر ایس کا زیادہ استعمال کریں، سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں تاکہ ہیٹ ویو کے اثرات سے بچا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ہیٹ اسٹروک اور دیگر طبی مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
کراچی میں 7 مئی سے نئی ہیٹ ویو لہر کا امکان
