امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں ایک معتبر ثالث کے طور پر سامنے آیا ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں اہم پیشرفت بھی رپورٹ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بات چیت کا اگلا دور اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔
اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اگلے ہفتے اسلام آباد میں مذاکرات منعقد ہو سکتے ہیں، جہاں امریکی اور ایرانی حکام ایک عارضی مفاہمتی معاہدے پر غور کر رہے ہیں۔ اس عمل میں ثالث ممالک کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ دستاویز پر کام بھی جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق 14 نکات پر مشتمل ایک مفاہمتی یادداشت تیار کی جا رہی ہے جس میں خطے میں کشیدگی میں کمی، خاص طور پر آبنائے ہرمز میں صورتحال کی بہتری اور بحری راستوں کی سیکیورٹی جیسے اہم امور شامل ہوں گے۔ مذاکرات کا بنیادی ایجنڈا خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اور سمندری تجارتی راستوں کو محفوظ بنانا بتایا گیا ہے۔
