Baaghi TV

بھارت ،زیادتی کیس،پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کی لاش لینے سے ماں کا انکار

بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے علاقے بروئی پور میں نابالغ لڑکی سے مبینہ زیادتی اور قتل کے مرکزی ملزم پربھاس منڈل پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کی ماں نے بیٹے کی لاش وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ "اس نے جو کیا، اسی کی سزا اسے مل گئی۔”

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پربھاس منڈل اس وقت پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا جب اسے واردات کی جگہ پر شواہد کی دوبارہ جانچ کے لیے لے جایا گیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے ایک اہلکار کی بندوق چھین کر فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر جوابی کارروائی میں اسے گولی لگی۔ زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔انکاؤنٹر کے بعد پولیس اہلکار ملزم کے گھر پہنچے اور اس کی والدہ سندھیا منڈل کو بیٹے کی ہلاکت کی اطلاع دی۔ پولیس نے انہیں اسپتال جا کر لاش دیکھنے کی پیشکش کی، تاہم انہوں نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف بیٹے کو دیکھنا چاہتی ہیں بلکہ اس کی لاش بھی وصول نہیں کریں گی۔

سندھیا منڈل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، "اسے دیکھ کر میں کیا کروں گی؟ مجھ میں وہاں جانے کی بھی ہمت نہیں ہے۔ میرا گلا خشک ہو چکا ہے اور میں ٹھیک سے بول بھی نہیں پا رہی۔”جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں اپنے بیٹے کی موت کا افسوس ہے تو انہوں نے جواب دیا، "ایک ماں ہونے کے ناطے دکھ تو ہوتا ہے، لیکن اس دکھ کا اب کوئی مطلب نہیں۔ اس نے جو جرم کیا، اسی کی وجہ سے اس کا انجام یہ ہوا اور میں اسی بات پر مطمئن ہوں۔”انہوں نے مزید کہا، "ہم میں سے کوئی بھی اس کی لاش لینے نہیں جائے گا۔ اسے لے جاؤ، دفنا دو یا جہاں چاہو پھینک دو، جو کرنا ہے کرو۔ وہ کبھی ہماری بات نہیں سنتا تھا، خاص طور پر اپنی ماں کی۔ وہ نشے کا عادی تھا، اس لیے اب اس کے بارے میں میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں۔”

واضح رہے کہ یہ واقعہ 4 جولائی کو اس وقت پیش آیا تھا جب ایک نابالغ لڑکی لاپتہ ہو گئی تھی۔ اگلے روز سورجیاپور ہاٹ کے علاقے سے اس کی لاش ایک بورے میں بند حالت میں برآمد ہوئی، جس کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔واقعے کے خلاف مقامی افراد نے بروئی پور،جے نگر روڈ بلاک کر دیا، مختلف مقامات پر ٹائر نذرِ آتش کیے گئے اور پولیس کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ اسی دوران مشتعل ہجوم نے اس کیس میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک شخص کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا، جس کی شناخت بعد ازاں اندرجیت منڈل کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے اس مقدمے میں اب تک تین افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ کیس کی تحقیقات کے لیے چھ رکنی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

More posts