راولپنڈی: آٹے اور گندم کی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے محکمہ خوراک نے راولپنڈی ضلع میں سخت اقدامات کرتے ہوئے 9 خصوصی چیک پوسٹیں قائم کر دی ہیں، جہاں چوبیس گھنٹے نگرانی اور سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر صالح مغل کی ہدایت پر قائم کی گئی ان چیک پوسٹوں پر محکمہ خوراک کے ساتھ پولیس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ گندم اور آٹے کی غیر قانونی ترسیل کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق ہر چیک پوسٹ پر 24 گھنٹے سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے 12، 12 گھنٹے پر مشتمل دو شفٹیں مقرر کی گئی ہیں۔ ہر شفٹ کی نگرانی ایک سب انسپکٹر کرے گا، جبکہ اس کے ساتھ ایک اے ایس آئی، تین مسلح اہلکار اور کمیونیکیشن سیٹ بھی موجود ہوگا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
محکمہ خوراک کی جانب سے قائم کی گئی چیک پوسٹیں پوٹھوہار ڈویژن میں تھانہ صدر واہ کی حدود میں براہمہ باہتڑ موڑ اور سٹی فلور مل، تھانہ ٹیکسلا کی حدود میں پسوال نزد سنگجانی انٹرچینج، گانگو بہادر اور فاروقیہ ٹیکسلا، جبکہ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں موٹر وے ایم ون انٹرچینج اور فتح جنگ انٹرچینج پر قائم کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ صدر ڈویژن میں تھانہ کہوٹہ کی حدود میں بیور اور تھانہ کلر سیداں کے علاقے منگال بائی پاس پر بھی خصوصی چیک پوسٹیں فعال کر دی گئی ہیں۔
محکمہ خوراک کے حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنا، ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی کرنا اور عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
راولپنڈی میں آٹے اور گندم کی اسمگلنگ روکنے کے لیے 9 خصوصی چیک پوسٹیں قائم
