الجزائر: الجزائر کے دارالحکومت کے قریب واقع ایک یتیم خانے میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعے کے بعد امدادی اداروں نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آگ اچانک یتیم خانے میں بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے وقت یتیم خانے میں بچے اور عملے کے افراد موجود تھے، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو اہلکار اور مقامی شہری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا اور متاثرہ افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔
انتظامیہ کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 10 افراد شدید جھلس گئے ہیں، جنہیں خصوصی طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے پانچ معذور افراد کو بروقت محفوظ مقام پر منتقل کر کے ان کی جان بچا لی۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجوہات کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم متعلقہ ادارے تمام شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔
الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون نے اس المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اس افسوسناک واقعے نے الجزائر بھر میں غم کی فضا پیدا کر دی ہے، جبکہ شہریوں نے بھی متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔
الجزائر کے یتیم خانے میں خوفناک آتشزدگی، بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق
