ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے،جبکہ او آئی سی ہنگامی اجلاس کا ایجنڈا فلسطین ہے اور اس میں افغانستان شامل نہیں-
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امیر قطر کی دعوت پر دوحا کا دورہ کیا، جس میں دونوں ممالک نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا،وزیراعظم اور امیر قطر کے درمیان اعلیٰ سطح کی بات چیت ہوئی اور قطر نے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی قبول کر لی، دورے کے دوران افغانستان کے معاملات اور دفاع کے شعبے میں بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے خلاف نہیں بلکہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے اور دہشتگردی کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں بھی پیش کیے جا چکے ہیں،قطر کی جانب سے پاک افغان مصالحت کی کوششیں خوش آئند ہیں، تاہم افغانستان کی جانب سے دھمکی آمیز بیانات افسوسناک ہیں ،پاکستان کی افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس طرح کی دھمکیوں کے مقابلے کے لیے مکمل تیار ہیں، افغانستان میں پاکستا نی شہریوں اور سفیروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان آگاہ ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
وزیرِاعظم کی لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے اہلخانہ سے ملاقات
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیر معمولی اجلاس میں پاکستانی مؤقف پیش کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں، او آئی سی ہنگامی اجلاس کا ایجنڈا فلسطین ہے اور اس میں افغانستان شامل نہیں،ترجمان نے مغربی کنارے کو اسٹیٹ لینڈ میں تبدیل کرنے کے اسرائیلی اقدام کی مذمت اور واضح مخالفت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ سمجھوتا ایکسپریس کے حملے کی 19ویں برسی ہے، جس میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے پاکستان نے بھارتی حکومت کی سنگ دلی اور 4 مجرموں کی رہائی کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، خصوصاً کشتواڑ ضلع میں 3 نوجوانوں کی شہادت کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھارت جعلی انکاؤنٹرز اور کسٹوڈیل کلنگز کی پالیسی پر عمل پیرا ہے پاکستان انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور اداروں کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور بھارت کو اپنے اعمال کا جوابدہ بنائے گا-
ڈاکٹر طارق میمن کا تبادلہ : وفاقی آئینی عدالت نے واپڈا کو نوٹس جاری کردیا
طاہر اندرابی نے برطانوی پارلیمنٹ میں عمران خان کے حقوق کی خلاف ورزی پر ہونے والی بات چیت پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی انسانی حقوق کے معاہدات کا حصہ ہے اور اس طرح کے بیانات ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت ہیں، آخر میں آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کی سالگرہ کو یادگار ملٹری واقعہ قرار دیا۔
