Baaghi TV

اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی ترقیاتی منصوبوں، نکاسی آب ،صحت سہولیات کی بہتری کیلیے ہنگامی اقدامات

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیرِ صدارت اوکاڑہ میڈیکل کالج اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ اجلاس، انہوں نے مفادِ عامہ کے اہم ترقیاتی منصوبوں بالخصوص اوکاڑہ میڈیکل کالج کی تعمیر و پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ لی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ، محکمہ بلڈنگز حکام اور دیگر انتظامی حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر کو اوکاڑہ میڈیکل کالج کے تعمیراتی کام کی موجودہ صورتحال، فنڈز کے استعمال، اور دیگر جاری ترقیاتی سکیموں بارے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوکاڑہ میڈیکل کالج ضلع کے عوام کے لیے شاندار منصوبہ ہے۔ اس کی بروقت اور معیاری تکمیل سے نہ صرف مقامی سطح پر بہترین طبی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ اعلیٰ طبی تعلیم کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام جاری سکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)مون سون بارشوں کا سپیل جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 173 ملی میٹر بارش ریکارڈ، ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک بارشی پانی کے انخلاء کے لیے فیلڈ میں متحرک ہوگئے۔ انہوں نے 2 مرتبہ بارشی پانی کی نکاسی کے لیے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک میں پانی کی منتقلی کا جائزہ لیا۔ سٹوریج ٹینک میں 18 لاکھ پانی کی فل کپیسٹی کی سٹوریج کے بعد پانی کی ڈسپوزل سٹیشنز میں منتقلی کا عمل جاری ہے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور واسا کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ مرکزی تحصیل روڈ، ہسپتال روڈ، چرچ روڈ، ایم اے جناح روڈ سمیت شاہراہیں بارشی پانی سے کلئیر ہوگئی تاہم دوسری مرتبہ بارش کے بعد دوبارہ پانی کی نکاسی کا عمل ایک مرتبہ پھر جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مرکزی روڈز کے ساتھ ساتھ مختلف پوائنٹس اور نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کی نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی مکمل نکاسی تک ٹیموں کو محنت سے کام کرنے کی ہدایات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہر کے مرکزی حصوں سے بارشی پانی انڈرگراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ نشیبی علاقوں کی مکمل کلیرنس تک ٹیموں کو فیڈ میں متحرک رہنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ جلد نشیبی علاقے بارشی پانی سے کلیئر ہو جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے ڈائریکٹر واسا پنجاب چوہدری طاہر امین کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور حالیہ بارشوں کے بعد نکاسی آب کے انتظامات، انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج منصوبوں اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا عبدالوحید، ایم ڈی ستھرا پنجاب محمد وسیم سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی اور گزشتہ بارش کے بعد نکاسی آب کے لیے ضلعی انتظامیہ، واسا، میونسپل کمیٹی اور دیگر اداروں کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج منصوبے اور بارشی پانی کی نکاسی کے لیے واسا اور میونسپل کمیٹی کی مشترکہ کاوشوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں نکاسی آب کی صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک پی ڈی پی پروگرام کا اہم جزو ہے اور اس منصوبے کے تحت شہر میں بارشی پانی کے بہتر انتظام کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی پی پروگرام کے تحت سیوریج لائنوں کی بہتری، نکاسی آب اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام بھی بدستور جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے دوران تمام متعلقہ محکموں نے بھرپور ذمہ داری اور دلجمعی سے فرائض انجام دیے جبکہ اس مقصد کے لیے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیمیں پوری رات فیلڈ میں متحرک رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مرکزی علاقوں سے بارشی پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے جبکہ نشیبی علاقوں کی بڑی تعداد بھی پانی سے صاف ہو چکی ہے، تاہم چند مقامات پر نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں نکاسی آب کے نظام میں واضح بہتری آئی ہے اور ان شاء اللہ مستقبل میں مزید اقدامات کے ذریعے نکاسی آب کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کر لیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مون سون سیزن کے دوران ضلعی انتظامیہ، واسا، ستھرا پنجاب اور دیگر متعلقہ اداروں کی ایمرجنسی ٹیمیں چوبیس گھنٹے فیلڈ میں موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے ستھرا پنجاب اور واسا کے ورکرز کی محنت، جذبے اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک رات گئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا جائزہ لینے کے لیے فیلڈ میں متحرک، انہوں نے عوامی سہولت کے پیش نظر ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں اور آمد و رفت کے لیے خصوصی اہمیت کے حامل تحصیل روڈ کو ماہ جولائی کے اختتام تک مکمل کرنے کے احکامات دیے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا ہے کہ مضبوط انفراسٹرکچر کے لیے پائیدار ترقیاتی منصوبے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں۔ دیرپا منصوبوں کی تکمیل کے لیے عارضی تاخیر وسیع تر عوامی مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے جاری کاموں کے باعث عوامی مشکلات کا ادراک ہے۔ ضلعی انتظامیہ عوامی تعاون اور اعتماد پر ان کی شکر گزار ہے۔ دیرپا ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کر کے عوام کو تحفہ فراہم کیا جائے گا۔

اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی زیر محکمہ صحت کے افسران کا اجلاس، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار نے سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرم ملک نے کہا کہ صحت کی معیاری سہولیات عوام کا بنیادی حق ہیں، اس سلسلہ میں تمام افسران خدمت خلق کے جذبے کے تحت مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے تمام ہسپتالوں، دیہی و بنیادی صحت کے مراکز میں تشخیصی اور علاج معالجہ کی سہولیات کے لیے بہترین اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کو تشخیص اور فوری علاج معالجے کے لیے کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ تمام طبی و انتظامی عملہ اپنی ڈیوٹی کے اوقات کار کی پابندی کرے تاکہ دور دراز سے آنے والے مریض پریشان نہ ہوں۔ ہسپتالوں میں صفائی کے انتظامات کو اعلیٰ ترین سطح پر برقرار رکھا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

More posts