ماہرینِ صحت کے مطابق انسانی جسم میں موجود ایک اہم ہارمون آکسیٹوسن (Oxytocin) نہ صرف جذباتی وابستگی اور محبت کے احساس کو بڑھاتا ہے بلکہ ذہنی دباؤ کم کرنے، سکون پیدا کرنے اور مجموعی جسمانی صحت کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اسی وجہ سے اسے اکثر “محبت کا ہارمون” بھی کہا جاتا ہے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ جب انسان محفوظ، پرسکون اور جُڑا ہوا محسوس کرتا ہے تو جسم میں آکسیٹوسن کی سطح بڑھ جاتی ہے، جس سے دل کی دھڑکن معمول پر آتی ہے، ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے اور جسم میں مثبت توانائی پیدا ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روزمرہ زندگی میں کچھ آسان طریقے اپنا کر اس ہارمون کے اخراج کو قدرتی طور پر بڑھایا جا سکتا ہے۔ماہرین ایک ایسی سادہ لیکن مؤثر خود نگہداشت مشق تجویز کرتے ہیں جو جسم اور ذہن دونوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
سب سے پہلے ایک پرسکون اور آرام دہ جگہ منتخب کریں جہاں آپ خود کو مکمل طور پر ریلیکس محسوس کریں۔ اس جگہ پر بیٹھیں یا لیٹ جائیں اور ذہن کو پرسکون کرنے کی کوشش کریں۔ اس مشق کا مقصد خود کو ذہنی طور پر محفوظ اور آرام دہ محسوس کرانا ہے۔اپنی دونوں ہتھیلیوں کو آپس میں آہستہ آہستہ رگڑیں تاکہ وہ گرم ہو جائیں۔ ماہرین کے مطابق گرم لمس جسم میں آکسیٹوسن کے اخراج کو بڑھانے میں مدد دیتا ہے، جس سے سکون اور اطمینان کا احساس پیدا ہوتا ہے۔اب 5 سے 10 منٹ تک اپنے جسم کے مختلف حصوں کا ہلکے اور آہستہ انداز میں مساج کریں۔ اپنے کندھوں،سر ،گردن،پاؤں،اور خاص طور پر گردن کے اس حصے کا مساج کریں جہاں کھوپڑی اور گردن ملتی ہیں، جسے وَیگس نرو کا علاقہ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ اعصابی نظام سے جڑا ہوا ایک اہم حصہ ہے جو جسم کے آرام اور تناؤ میں کمی میں کردار ادا کرتا ہے۔مساج کرتے وقت ہر حرکت کو آہستہ، نرم اور شعوری رکھیں۔ اس دوران اپنی سانسوں پر توجہ دینا بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی سادہ خود مساج مشقیں نہ صرف آکسیٹوسن کی سطح بڑھاتی ہیں بلکہ یہ اضطراب ، ذہنی دباؤ اور تھکن کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ روزانہ چند منٹ خود کے لیے نکالنا ذہنی توازن اور جذباتی صحت کو بہتر بنانے کا ایک آسان طریقہ ہے۔آج کے تیز رفتار اور دباؤ والے دور میں ایسی قدرتی مشقیں انسان کو اپنے جسم اور ذہن کے ساتھ دوبارہ جوڑنے میں مدد دیتی ہیں۔ آکسیٹوسن جیسے ہارمون کو فعال کر کے ہم نہ صرف بہتر محسوس کر سکتے ہیں بلکہ ایک زیادہ پرسکون اور صحت مند زندگی بھی گزار سکتے ہیں۔
