جنیوا: پاکستان نے اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کی صدارت سنبھال لی ہے، جنیوا میں کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت پاکستانی سفیر طاہر حسین اندرابی کر رہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پاکستان 2026 کے سیشن کی آخری صدارت کے طور پر کانفرنس کی سالانہ کارروائی مکمل کرے گا۔ پاکستانی صدارت میں کانفرنس کی سالانہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں متعلقہ قرارداد پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نے کانفرنس کے صدر کی حیثیت سے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستانی سفیر طاہر حسین اندرابی نے 2026 کے سابق صدور کے اجلاس کی صدارت کی اور مختلف علاقائی گروپس کے نمائندوں سے مشاورت بھی کی۔دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے جہاں تخفیفِ اسلحہ اور اسلحہ کنٹرول سے متعلق معاہدوں پر مذاکرات کیے جاتے ہیں۔ کانفرنس میں 65 رکن ممالک شامل ہیں، جن میں جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں بھی شامل ہیں۔
کانفرنس کے اہم ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ روکنا اور جوہری جنگ کے خطرے کی روک تھام شامل ہے۔ کانفرنس اور اس کے سابق اداروں کے پلیٹ فارم سے بائیولوجیکل اور کیمیکل ہتھیاروں کے کنونشن سمیت متعدد اہم عالمی معاہدوں پر مذاکرات کیے جا چکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ کی صدارت ملنا عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔ صدارت کے ذریعے پاکستان کو اسلحہ کنٹرول اور تخفیفِ اسلحہ سے متعلق عالمی مباحثے میں مؤثر اور مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کانفرنس کی صدارت پاکستان کو عالمی امن و سلامتی سے متعلق اہم مباحثے میں بھی اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
