وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے دہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت اب زائدالمیعاد یا منسوخ شدہ نائیکوپ (NICOP) کے ساتھ بیرونِ ملک سے پاکستان کا سفر ممکن نہیں ہوگا۔ نئی پالیسی کا اطلاق دنیا بھر سے آنے والے تمام پاکستانی مسافروں پر ہوگا، جن میں برطانیہ، امریکا، کینیڈا، یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی بھی شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایسے تمام افراد جو غیر ملکی پاسپورٹ پر سفر کر رہے ہیں، ان کے پاس پاکستان میں داخلے کے لیے یا تو کارآمد پاکستانی ویزا موجود ہونا چاہیے یا پھر ایک قابلِ استعمال اور کارآمد نائیکوپ ہونا ضروری ہے۔ اگر کسی مسافر کا نائیکوپ زائدالمیعاد، منسوخ شدہ یا غیر مؤثر پایا گیا تو اسے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کو نئی ہدایات سے باقاعدہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہیں سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے مسافروں کو پرواز میں سوار نہ کریں جن کے سفری دستاویزات نئی شرائط کے مطابق مکمل نہ ہوں۔
ایف آئی اے کے مطابق اگر کسی وجہ سے کوئی ایسا مسافر پاکستان پہنچ بھی جاتا ہے جس کے پاس کارآمد نائیکوپ یا پاکستانی ویزا موجود نہیں ہوگا تو اسے امیگریشن کلیئرنس نہیں دی جائے گی اور متعلقہ ایئرلائن کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ اسے پہلی دستیاب پرواز کے ذریعے واپس روانہ کرے۔
حکام نے واضح کیا کہ ماضی میں بعض ایئرلائنز زائدالمیعاد یا منسوخ شدہ نائیکوپ رکھنے والے افراد کو بھی پاکستان لے آتی تھیں، تاہم اب اس عمل کی اجازت نہیں ہوگی۔ نئی پالیسی کا مقصد امیگریشن نظام کو مزید مؤثر بنانا، سفری دستاویزات کی تصدیق کو یقینی بنانا اور بین الاقوامی سفری قوانین کے مطابق نظام کو مضبوط بنانا ہے۔
ایف آئی اے نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً دہری شہریت رکھنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے قبل اپنے نائیکوپ اور دیگر سفری دستاویزات کی میعاد ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی، آف لوڈ ہونے یا سفر منسوخ ہونے سے بچا جا سکے۔
زائدالمیعاد یا منسوخ شدہ نائیکوپ پر پاکستان آمد ممکن نہیں، ایف آئی اے کی نئی سفری ہدایات
