پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر محسن گیلانی نے بتایا کہ قومی فٹ بال ٹیم اپریل میں فیفا سیریز میں حصہ لے گی۔ کراچی میں پیر کو انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ فیفا کا کوئی بھی ایونٹ خصوصی حیثیت رکھتا ہے اور وہاں قومی ٹیم کی رسائی بڑی کامیابی ہے۔
محسن گیلانی نے بتایا کہ چند سال قبل پاکستان کی ٹیم کے کسی فیفا ایونٹ میں کھیلنا مشکل لگتا تھا، لیکن مختصر عرصے میں یہ ممکن بنا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی فیڈریشن کو قائم ہوئے چھ ماہ ہو چکے ہیں، تاہم اسے مالی بحران، گورننس اور بنیادی انفراسٹرکچر جیسے چیلنجز کا سامنا تھا۔
صدر پی ایف ایف نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک فٹ بال پر توجہ دی جا رہی ہے، بین الاقوامی تعلقات بحال کیے جا رہے ہیں، اور انڈیا کے ساتھ ممکنہ مقابلوں میں حصہ حکومت کی اجازت کے مطابق ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ نئی فٹ بال لیگ شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، بیرون ممالک سے کوچز لانے کی کوشش کی جائے گی، یوتھ پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں اور ٹریننگ سینٹر کے قیام پر کام جاری ہے۔ فیفا کی جانب سے عالمی معیار کے اسٹیڈیم اور اکیڈمی کی تعمیر کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔
مزید برآں، کراچی میں انٹر سکول فٹ بال مقابلوں کا آغاز کیا جائے گا تاکہ نچلی سطح سے ٹیلنٹ سامنے آئے، اور فیڈریشن میں نوجوانوں کو شامل کرنے اور ڈیپارٹمنٹس کی بحالی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
پاکستان فٹ بال ٹیم اپریل میں فیفا سیریز کھیلنے جا رہی ہے، پی ایف ایف صدر
