پاکستان نے باضابطہ طور پر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 2026-27 کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے، اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایس سی او کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات ہوئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایس سی او سیکریٹری جنرل نے پاکستان کو تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اسحاق ڈار کو پاکستان کی صدارت کے دوران مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے ایس سی او کی چیئرمین شپ کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات اور آئندہ کی حکمت عملی سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کیا۔ ایس سی او سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی ترجیحات کی حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ تنظیم کی جانب سے پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
دونوں جانب سے پاکستان کی چیئرمین شپ کے دوران مشترکہ کوششوں اور قریبی رابطوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں ایس سی او کے مختلف امور اور تنظیم کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور ایس سی او کے نیشنل کوآرڈینیٹر محمد فیصل بھی شریک تھے۔
پاکستان نے ستمبر 2026 سے شنگھائی تعاون تنظیم کی 2026-27 کی چیئرمین شپ سنبھالی ہے۔ پاکستان کی میزبانی میں ایس سی او سربراہی اجلاس 2027 میں منعقد ہوگا۔
