وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی،ملاقات میں رواں سال کے حج آپریشن اور عازمینِ حج کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور نے وزیراعظم کو حج آپریشن کی مجموعی پیشرفت، سفری انتظامات، رہائش، ٹرانسپورٹ اور سعودی عرب میں پاکستا نی حج مشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا-
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ عازمینِ حج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں اور ان کی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، انہوں نے ہدایت کی کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی حج مشن حجاج کرام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے اور خدمات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر عازمینِ حج کے لیے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ بزرگ شہریوں، خواتین اور دیگر حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے،حج ایک مقدس فریضہ ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات اور بروقت معاونت فراہم کی جائے تاکہ وہ مکمل اطمینان اور سہولت کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔
