Baaghi TV

منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی ایک اور آڈیو وائرل

karachi

کراچی:منشیات فروش خاتون انمول عرف پنکی کی ایک اور آڈیو منظر عام پر آ گئی-

منشیات فروش انمول عرف پنکی کو گرفتاری کا خدشہ پہلے سے تھا، ایک اور آڈیو سامنے آگئی ہے آڈیو میں مبینہ طور پر انمول عرف پنکی اپنے کلائنٹس کو آگاہ کر رہی ہے کہ اگر وہ یہ پیغام سن رہے ہیں تو یا اس کے ساتھ کوئی مسئلہ ہوا ہے یا وہ اس دنیا میں نہیں ہے۔

آڈیو کے مطابق وہ کہتی ہے کہ اگر اسے کچھ ہوتا ہے تو اسی نمبر سے کوئی رابطے میں آئے گا، اور رابطہ کرنے والا اس کا ایک مرد دوست ہوگا جو اس کام کو ہینڈل کرے گا، آڈیو میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر اس کے ساتھ کچھ ہو جاتا ہے تو ہر کسی سے ایک نئے نمبر کے ذریعے رابطہ کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق ملزمہ پر بغدادی گارڈن اور درخشاں تھانے کی حدود میں مقدمات ہیں،کراچی پولیس میں معاملے کی تحقیقات سے متعلق بھی تبدیلی کی گئی ہے ایس ایس پی ساؤتھ کو انکوائری سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کے مطابق عرفان بلوچ عدالت میں پیشی کے دوران سامنے آنے والے معاملات کی تحقیقات کریں گے، جبکہ پروٹوکول پر عمل نہ کرنے کے معاملے کی بھی انکوائری کی جائے گی ،ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کو 3 دن میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، اور غفلت و لاپروائی میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

More posts