اسلام آباد میں یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جہاں قومی جذبے، حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے عزم کا بھرپور اظہار کیا جا رہا ہے۔ تقریب میں ملکی سیاسی و عسکری قیادت، اعلیٰ حکام اور غیر ملکی سفارت کاروں نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد یادگارِ فتح کی تعمیر اور اس کے پس منظر سے متعلق خصوصی ویڈیو دکھائی گئی۔ ویڈیو میں یادگار کی تعمیر کے مختلف مراحل اور اس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
بعدازاں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یادگارِ فتح کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، وزیر دفاع، وزیر خارجہ، سروسز چیفس اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ صدر مملکت کی آمد پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔
یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب میں مسلح افواج کے دستوں کے علاوہ سول آرمڈ فورسز کے اہلکار بھی شریک ہیں۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف دستوں نے بھی تقریب میں شرکت کی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان پولیس کے دستے بھی اس قومی تقریب کا حصہ بنے۔
تقریب میں مختلف صوبوں اور خطوں کی نمائندگی نے قومی یکجہتی اور پاکستان کے دفاع کے لیے مشترکہ عزم کا پیغام دیا۔ یادگارِ فتح کو قومی قربانیوں، دفاعِ وطن اور ملکی استحکام کی علامت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں یادگارِ فتح کا افتتاح، قومی و دفاعی عزم کی تقریب
