ہماری سیاست کا مقصد ذاتی مفادات کی بجائے عوام کی خدمت، نوجوانوں کو ملکی ترقی کیلئے آگے آنا چاہئے.
لاہور( )مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل پروفیسر سیف اللہ قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم نظریے، لاکھوں قربانیوں اور ہمارے بزرگوں کی لازوال جدوجہد کا ثمر ہے، 14 اگست ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرتا ہے،مرکزی مسلم لیگ کی "آزادی کا پیغام ، لاالہ الااللہ کا پاکستان” مہم کے چوتھے روز آج ملک گیر پروگرام ہوں گے،قوم شرکت کر کے حب الوطنی کا ثبوت دے
ان خیالات کا اظہار پروفیسر سیف اللہ قصوری نے یوم آزادی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ پاکستان کی نظریاتی اساس، قومی یکجہتی اور عوامی خدمت کے جذبے کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ہماری سیاست کا مقصد ذاتی مفادات کی بجائے عوام کی خدمت، نوجوانوں کے بہتر مستقبل، تعلیم، روزگار، انصاف اور ایک مضبوط و خوشحال پاکستان کی تعمیر ہے،ہمیں جشنِ آزادی صرف سبز ہلالی پرچم لہرا کر اور تقریبات منعقد کرکے نہیں بلکہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے عملی کردار ادا کرکے منانا چاہیے، ہمیں اپنے اندر اتحاد، برداشت، اخوت اور وطن سے محبت کے جذبے کو مزید مضبوط کرنا ہوگا، سیف اللہ قصوری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں۔ اگر ہم نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں کامیاب ہوگئے تو پاکستان دنیا کی ترقی یافتہ اقوام میں نمایاں مقام حاصل کرسکتا ہے، آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور قائداعظم محمد علی جناحؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے، اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے اور اسے دنیا میں ایک مضبوط، باوقار اور اسلامی فلاحی ریاست کے طور پر مزید آگے بڑھائے۔
