Baaghi TV

دہلی میں ایئر پورٹ سمیت اہم مقامات پر بم دھماکوں کی دھمکیاں

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی میں دہلی ہائی کورٹ، اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ اور دیگر اہم مقامات کو بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق موصول ہونے والی دھمکی آمیز ای میلز کے عنوان میں ’دہلی ہائی کورٹ میں دھماکا، 2 بج کر 11 منٹ‘ درج تھا۔ ای میل میں دعویٰ کیا گیا کہ ہفتے کے روز دوپہر 2 بج کر 11 منٹ پر دہلی ہائی کورٹ میں بم دھماکا کیا جائے گا، جس کے ایک گھنٹے بعد ضلعی عدالتوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز ای میل میں سکھ علیحدگی پسند تحریک خالصتان کا نام استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ تحریک کے ارکان دہلی پہنچ چکے ہیں اور شہر کو خالصتان میں تبدیل کیا جائے گا۔ ای میل میں دہلی کی عدالتوں پر سکھوں کے خلاف مقدمات چلانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ دہلی کے مزید 6 مقامات کو بھی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں، جن میں جمناگر ہاؤس، جھنڈیوالان عمارت، ساکیت دفتر، ضلعی مجسٹریٹ کا دفتر، اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ کا ٹرمینل 3 اور دہلی کینٹ کا سب ڈویژنل مجسٹریٹ دفتر شامل ہیں۔رپورٹس میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ دہلی میٹرو اور امبالہ جانے والی ٹرینوں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

اطلاع ملتے ہی تمام متعلقہ مقامات پر فائر بریگیڈ اور سیکیورٹی اہلکاروں کو روانہ کردیا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر تلاشی اور سیکیورٹی اقدامات جاری ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق تاحال کسی بھی مقام سے کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی، تاہم دھمکیوں کے بعد اہم تنصیبات اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے

More posts