Baaghi TV

کارگل محاذ کے ہیرو حوالدار لالک جان شہید (نشان حیدر) کا 27 واں یوم شہادت

کارگل جنگ کے دوران حوالدار لالک جان نے وطن سے وَفا کی لازوال داستان رقم کی، جس کی بہادری کا اعتراف دُشمن نے بھی کیا

دُشمن پر دھاک بٹھانے اور اُس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے بہادر سپوت حوالدار لالک جان کا تعلق پاک فوج کی ناردرن لائیٹ انفنٹری رجمنٹ سے تھا ،مئی 1999ء میں حوالدار لالک جان نے اگلے مورچوں پر لڑائی لڑنے کے لئے اپنی خدمات پیش کیں۔مٹھی بھر ساتھیوں کے ہمراہ حوالدار لالک جان نے ناصرف اپنی پوسٹ کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ دشمن کے متعدد حملوں کو ناکام بنا کر اُسے بھاری جانی نقصان بھی پہنچایا، 12جون 1999ء کولالک جان نے اچانک ایسا زبردست حملہ کیا کہ دُشمن اپنی لاشیں چھوڑ کر پسپا ہونے پر مجبور ہو گیا،7 جولائی کو دشمن نے حوالدار لالک جان کی پوسٹ پر توپ خانے کا بھر پور فائرکر کے رات کی تاریکی میں تینوں اطراف سے حملہ کردیا،اس حملے کے دوران حوالدار لالک جان شدید زخمی ہوئے مگر کمپنی کمانڈر کے اصرارکے باوجود اپنی پوسٹ پر زخمی حالت میں بھی ڈٹے رہے اور دشمن کا مقابلہ جاری رکھا،شدید زخمی ہونے کے باوجود بھی حوالدار لالک جان نے بھاری فائر کے دوران دُشمن کے بنکر کو ایمونیشن سمیت تباہ کردیا، جس سے دُشمن کے درجنوں فوجی ہلاک ہو گئے،حوالدار لالک جان نے دشمن کے اس حملے کو بھی ناکام بنادیا لیکن شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنی پوسٹ پر جامِ شہادت نوش کیا

شہید حوالدار لالک جان (نشان حیدر) کے بیٹے طارق لالک جان نے کہا کہ؛ہم وہ قوم ہیں جس کیلئے ملک کے دفاع کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنا قابل فخربات ہے ،ملک کیلئے شہادت ہی ہمارا ایمان ہے ، سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں ، جب تک پاک فوج کے بہادر جوان سرحدوں پر موجود ہیں اس ملک پر کوئی آنچ بھی نہیں آ سکتی ،

شہید حوالدار لالک جان (نشان حیدر) کے بھائی گسمبر خان نے کہا کہ؛ شہید حوالدار لالک جان کو سب سے بڑےاعزاز نشان حیدر سے نوازا گیا، یقیناً پاک فوج شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی ،شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یہ اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے

قادر پوسٹ کے زبردست دِفاع کا اعتراف دُشمن نے ان الفاظ میں کیا؛کسی بھی سپاہی نے اپنی پوسٹ نہ چھوڑی، یہ دِفاعی جنگ بہادری کی اعلیٰ مثال ہے کہ جو آخری سپاہی اور آخری گولی تک لڑی گئی،

قادر پوسٹ آج بھی نازاں ہے کہ اُسے حوالدار لالک جان شہید جیسا نِڈر محافظ مِلا،حوالدار لالک جان شہید کی بے باکی، حوصلہ مندی اور جذبہ شہادت پر انھیں پاکستان کا اعلیٰ ترین اعزاز نشان حیدر عطا کیا گیا

کارگل جنگ کے عظیم ہیرو، نشانِ حیدر حاصل کرنے والے حوالدار لالک جان شہید کا آج یومِ شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔​اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت پاکستان کی تمام مسلح افواج نے مادرِ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اس عظیم سپوت کو دل کی گہرائیوں سے سلامی اور خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔​ آج ہی کے دن 1999ء میں کارگل کے محاذ پر حوالدار لالک جان شہید نے دشمن کے دانت کھٹے کیے۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنی پوسٹ چھوڑنے اور وہاں سے ہٹنے سے صاف انکار کر دیا، اور آخری گولی اور آخری سانس تک اکیلے ہی دشمن کے پے در پے حملوں کو ناکام بناتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔​فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور عسکری قیادت نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور پاکستانی قوم اپنے ان غازیوں اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا۔

More posts