Baaghi TV

پاکستان اور سویڈن کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

‎نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے سویڈن کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر احمد امجد علی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور سویڈن کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔
‎ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے نامزد سفیر کو سویڈن میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے سے قبل اہم ہدایات دیں۔ اسحاق ڈار نے پاکستان اور سویڈن کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
‎انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ نائب وزیراعظم نے خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی، زراعت، تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
‎اسحاق ڈار نے احمد امجد علی کو ہدایت کی کہ وہ سویڈن میں پاکستانی اور سویڈش کاروباری اداروں کے درمیان براہ راست روابط کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے بزنس ٹو بزنس روابط کو مضبوط بنانے، پاکستان میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے اور دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
‎نائب وزیراعظم نے پاکستان اور سویڈن کے عوام کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر رابطے اور باہمی تعاون دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
‎ملاقات میں سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور پاکستانی طلبہ کو بہتر اور بروقت قونصلر خدمات کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ اسحاق ڈار نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی طلبہ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور انہیں موثر خدمات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔
‎ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور سویڈن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

More posts