پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا، جس کے باعث مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروبار کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بینچ مارک 100 انڈیکس میں 1770 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 70 ہزار 290 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔مارکیٹ کے دوران 100 انڈیکس 1 لاکھ 70 ہزار 6 پوائنٹس کی نچلی سطح تک آیا، جبکہ کاروبار کے دوران 1 لاکھ 70 ہزار 899 پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی ریکارڈ کی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز 100 انڈیکس 1 لاکھ 68 ہزار 519 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں آج نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجوہات میں معاشی اشاریوں میں بہتری، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور مثبت کاروباری توقعات شامل ہیں۔ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ مزید نئی بلندیاں چھو سکتی ہے۔
