پاکستان نے شام کے شہر ادلب میں ابو الظہور ایئربیس پر اسرائیلی قابض افواج کے بلااشتعال حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی اشتعال انگیز کارروائیاں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور ان سے خطے میں امن و استحکام مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پاکستان نے شامی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، امن اور خوشحالی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی کارروائیوں پر اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے۔
