Baaghi TV

پاکستانی ٹریول وی لاگر اور کوہ پیما اسما مشتاق اسپانٹک مہم کے دوران چل بسیں

پاکستانی نوجوان ٹریول وی لاگر اور کوہ پیما اسما مشتاق اسپانٹک چوٹی سر کرنے کی مہم کے دوران انتقال کرگئیں۔

7 فروری 1992 کو پیدا ہونے والی اسما مشتاق کو مہم جوئی، کوہ پیمائی اور قدرتی مناظر سے گہری محبت کے باعث کوہ پیمائی کی کمیونٹی میں نمایاں مقام حاصل تھا۔ وہ پاکستان کے مختلف پہاڑی علاقوں اور قدرتی مقامات کی سیر کے حوالے سے بھی جانی جاتی تھیں۔اسما حال ہی میں قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع 7 ہزار 27 میٹر بلند اسپانٹک چوٹی سر کرنے کی مہم کا حصہ بنی تھیں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ کامیابی سے چوٹی سر کی، اس وقت ان کی صحت بھی بہتر تھی۔تاہم واپسی کے دوران انہیں مبینہ طور پر بلند مقام کی بیماری (ہائی آلٹی ٹیوڈ سکنس) کا سامنا کرنا پڑا۔ گائیڈ نے انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

اسما مشتاق کی میت کی واپسی کے انتظامات کے لیے قراقرم کالنگ ٹریکس متعلقہ حکام سے رابطے میں ہے اور اس سلسلے میں تعاون کیا جا رہا ہے۔اسما مشتاق کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔ صارفین نے اسما کی پہاڑوں، ساحلوں اور قدرتی مناظر سے محبت کو یاد کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور بلندیٔ درجات کی دعا بھی کی۔

More posts