Baaghi TV

پالتو جانور رکھنے والوں کے لیے نئی یورپی یونین سفری پابندیاں

یورپی یونین کی جانب سے پالتو جانوروں کے سفر سے متعلق نئے قوانین نافذ کر دیے گئے ہیں جن کے بعد برطانیہ سے یورپ جانے والے مسافروں کے لیے اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔ نئے قواعد کے مطابق آج سے کچھ پرانے پالتو جانوروں کے پاسپورٹ غیر مؤثر ہو گئے ہیں۔

اب جو افراد اپنے کتے، بلیاں یا فیرٹس کے ساتھ یورپی یونین کے کسی بھی ملک کا سفر کریں گے، انہیں سفر سے پہلے اینمل ہیلتھ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔یہ سرٹیفکیٹ صرف ایک مستند ویٹرنری ڈاکٹر جاری کرے گا اور یہ سفر سے زیادہ سے زیادہ 10 دن پہلے جاری ہونا ضروری ہوگا۔ ہر نئے سفر کے لیے نیا سرٹیفکیٹ لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔تاہم یہ سرٹیفکیٹ یورپی یونین کے اندر 6 ماہ تک دوسرے سفر یا برطانیہ واپسی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

برطانیہ کی حکومت کی ویب سائٹ پر واضح طور پر کہا گیا ہے "اگر آپ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ یا ویلز میں رہتے ہیں تو 22 اپریل سے آپ پالتو جانور کا پاسپورٹ استعمال نہیں کر سکتے، چاہے وہ یورپی یونین میں جاری کیا گیا ہو۔”مزید کہا گیا ہے کہ "اگر آپ پرانے پالتو پاسپورٹ کا استعمال کریں گے تو آپ کے جانور کو یورپی یونین میں داخلے سے روک دیا جا سکتا ہے۔”یہ قوانین اسسٹنس ڈاگز (معذور افراد کی مدد کرنے والے کتوں) پر بھی لاگو ہوں گے۔

نئے قواعد کے مطابق ایک نجی گاڑی میں زیادہ سے زیادہ 5 پالتو جانور لے جانے کی اجازت ہوگی۔اگر کوئی شخص کسی دوسرے کے جانور کو سفر پر لے جا رہا ہو تو اسے تحریری اجازت نامہ فراہم کرنا ہوگا۔یورپی یونین اب صرف ان افراد کو پالتو جانوروں کے پاسپورٹ جاری کرے گی جن کا مستقل رہائش یورپی یونین میں ہو، جبکہ سیاح یا سیکنڈ ہوم رکھنے والے اس سہولت سے محروم ہوں گے۔

حکومت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ یورپی یونین کے پرانے پاسپورٹ اب بھی ان برطانوی شہریوں کے لیے قابل قبول ہوں گے جو اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ واپس برطانیہ آ رہے ہوں۔

More posts