Baaghi TV

‎حکومت سے مذاکرات کامیاب، پیٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال مؤخر کر دی

‎حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مجوزہ ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور ایندھن کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔
‎مذاکرات کے نتیجے میں پیٹرول پمپ مالکان نے آج رات 12 بجے سے شروع ہونے والی ہڑتال کی کال واپس لے لی، جبکہ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بھی صبح 6 بجے سے مجوزہ احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کیا۔ حکومتی یقین دہانی کے بعد دونوں تنظیموں نے مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
‎وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مذاکرات کی کامیابی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور دیگر ڈیلرز تنظیموں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیلرز کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور ان کے مسائل مشاورت کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔
‎وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ 28 فروری سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال نے حکومت اور عوام دونوں کو متاثر کیا ہے، جبکہ ایک بار پھر خطے میں کشیدگی کے باعث غیر یقینی حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عوام کو درپیش مشکلات سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
‎علی پرویز ملک کے مطابق حکومت اب تک توانائی کے شعبے میں کئی سو ارب روپے کی سبسڈی فراہم کر چکی ہے، جبکہ مستحق طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا مؤثر نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے آئل ریفائنریز اور پیٹرولیم تنظیموں کے تعاون کو بھی سراہا۔
‎انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن سے متعلق معاملہ باہمی مشاورت سے حل کیا جائے گا اور اس حوالے سے ایک سمری وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔ مزید برآں، یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کے نظام کا دو ہفتوں بعد متعلقہ تنظیموں کے ساتھ دوبارہ جائزہ لیا جائے گا تاکہ اس کے اثرات کا مکمل تجزیہ کیا جا سکے۔
‎پیٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات ندیم خان نے کہا کہ حکومت نے ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد احتجاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے آئندہ دو ہفتوں کے دوران کمیشن اور مارجن سے متعلق تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لیے جائیں گے۔
‎انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے یومیہ پیٹرولیم نرخوں کے نظام کو بھی دو ہفتوں کے لیے آزمائشی بنیادوں پر جاری رکھنے کی تجویز دی ہے، جس پر دونوں فریقوں نے اتفاق کیا ہے۔ ڈیلرز نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کا مستقل حل نکال لیا جائے گا۔

More posts