Baaghi TV


وزیراعظم اور کویتی وزیر خارجہ کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے اور علاقائی امن پر اتفاق

‎پاکستان اور کویت نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی امن کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ، مواصلات، بحری امور اور پٹرولیم سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے تعلقات مشترکہ اقدار، باہمی اعتماد اور برادرانہ تعاون پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہر مشکل اور خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور یہی اعتماد مستقبل میں تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
‎علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت اور دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور حالیہ حملوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور ایک ذمہ دار ثالث کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
‎وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کویت میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مختلف شعبوں میں کویت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
‎کویتی وزیر خارجہ نے اپنی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے موجودہ علاقائی بحران میں پاکستان کی سفارتی کوششوں، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہا اور امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

More posts