وزیراعظم شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی اور حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا اظہار ہے، جبکہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ملکی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔
شہباز شریف نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور دیگر متعلقہ وزرا و حکام کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کے استحکام اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں، جن کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی، ہماری منزل پاکستان کو مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔
