وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران اس شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو نقد لین دین سے بتدریج ڈیجیٹل ادائیگیوں پر منتقل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور شفاف مالیاتی نظام ملک کی معاشی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام بینک اور مالیاتی ادارے کیش لیس معیشت کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اور کاروباری ادارے ڈیجیٹل ادائیگیوں سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی ادائیگیوں کو ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کے اقدام کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ادائیگیوں کا عمل مزید شفاف، تیز رفتار اور مستحقین کے لیے آسان ہو گیا ہے، جس سے مالی معاونت کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اجلاس کے دوران دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ جون 2025 سے جون 2026 کے دوران ڈیجیٹل ادائیگیاں وصول کرنے والے کاروباری مراکز (مرچنٹس) کی تعداد میں 300 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو بڑھ کر 23 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ یہ پیش رفت ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی نظام پر عوام اور کاروباری طبقے کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کیش لیس معیشت سے متعلق اقدامات کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن جاری ہے، جبکہ اس حوالے سے حتمی رپورٹ اور سفارشات نومبر 2026 میں حکومت کو پیش کی جائیں گی تاکہ آئندہ مرحلے کی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔
اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن نے اپنے رکن بینکوں کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں، بالخصوص راست (RAAST) نظام کے فروغ کے حوالے سے واضح اہداف مقرر کیے ہیں، تاکہ ملک بھر میں محفوظ، تیز اور جدید ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کو مزید وسعت دی جا سکے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، مالیاتی شمولیت اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، شفاف اور جدید معاشی نظام کی جانب گامزن کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس معیشت کے فروغ سے متعلق اجلاس، ڈیجیٹل ادائیگیوں میں نمایاں پیش رفت کا جائزہ
