Baaghi TV

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کردی

‎وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ شب سعودی عرب پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں برادر اسلامی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔
‎وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے خلاف کیے گئے ان قابلِ مذمت حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف سعودی عرب کی خودمختاری اور سرحدی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں بلکہ پورے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو بھی شدید خطرات سے دوچار کر سکتے ہیں۔
‎شہباز شریف نے اس موقع پر سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس نازک وقت میں برادر مملکت سعودی عرب کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
‎وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں، اس لیے تمام فریقین کو تحمل، ذمہ داری اور امن کے فروغ کے لیے اقدامات کرنے چاہییں۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
‎انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا پائیدار حل مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قوانین کے احترام میں ہے، جبکہ طاقت کے استعمال اور کشیدگی میں اضافے سے پورے خطے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
‎وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سعودی عرب کو ہر قسم کے خطرات سے محفوظ رکھے اور خطے میں امن و استحکام قائم رہے۔

More posts