وزیراعظم محمد شہباز شریف کل ایران اور ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے، جہاں وہ اعلیٰ سطح کی اہم ملاقاتوں کے ساتھ مختلف سرکاری تقریبات میں بھی شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کے دورۂ ایران کا مرکزی مقصد شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت اور ایرانی قیادت سے اظہارِ تعزیت کرنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت وفاقی کابینہ کے دیگر اہم وزرا بھی اس دورے میں شریک ہوں گے۔ پاکستانی وفد ایرانی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔
ترجمان نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں سے متعلق بھی اہم پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے حالیہ رابطوں کے دوران ایران اور امریکا نے آنے والے دنوں میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کا اگلا دور سابق ایرانی سپریم لیڈر کی تدفین کے بعد جلد منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔
طاہر حسین اندرابی کے مطابق دوحہ میں پاکستانی اور قطری ثالثوں نے امریکی اور ایرانی مذاکرات کاروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت سے متعلق مختلف نکات پر مثبت پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریق سفارتی ذرائع سے معاملات کو آگے بڑھانے اور خطے میں استحکام کے فروغ کے لیے رابطے برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال پر بھی پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اب بھی افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور اس مسئلے کے حل کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
پاک بھارت اہم شخصیات کی جانب سے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کو لکھے گئے خط سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان نہ تو اس خط کی تصدیق کرتی ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تبصرہ کرنا مناسب سمجھتی ہے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان، ایران اور ترکیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی امن و استحکام کے فروغ اور اہم بین الاقوامی امور پر مشاورت کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل سمجھا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کل ایران اور ترکیہ کے دورے پر روانہ ہوں گے
