Baaghi TV

پولیس اور ڈاکوؤں کا آمنا سامنا، کراس فائرنگ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

موت کا رقص اور پولیس کی جرات، سی پی او سید خالد ہمدانی کا دو ٹوک اعلان پولیس پر گولی چلانے والوں کا انجام ہسپتال یا قبرستان ہوگا
یہ محض ایک گرفتاری نہیں بلکہ علاقے میں چھپے گینگز کے لیے واضح پیغام ہے شہریوں کے مال و جان سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں سید دانیال

گوجرخان (قمرشہزاد) تھانہ مندرہ کا علاقہ گزشتہ رات میدانِ جنگ بن گیا جہاں فرض شناس پولیس پارٹی اور سنگین وارداتوں میں مطلوب چار سفاک ڈاکوؤں کے درمیان آمنا سامنا ہونے اور پولیس کی جانب سے مشکوک موٹرسائیکل کو رکنے کا اشارہ کرنے پر ملزمان نے خوف و ہراس پھیلانے کی نیت سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس ہولناک مقابلے کے دوران کانسٹیبل علی کو براہِ راست گولی لگی، مگر سینے پر لگی بلٹ پروف جیکٹ سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی اور کانسٹیبل کی جان بچ گئی۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے نتیجے میں دو خطرناک ڈاکو گولیوں کی زد میں آکر زخمی ہوئے، جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے وہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا جو ڈیڑھ ماہ قبل ایک شہری سے اسلحہ کے زور پر چھینا گیا تھا۔گرفتار ملزمان ڈکیتی اور وہیکل لفٹنگ کی درجنوں سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ اے ایس پی سید دانیال حسن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا پولیس پر فائرنگ کرنا دراصل ریاست کی رِٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ ہمارے جوانوں نے جس بہادری سے موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ان خطرناک مجرموں کو دبوچا ہے، وہ محکمہ پولیس کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ گوجرخان کی حدود میں شہریوں کے مال و جان سے کھیلنے والے درندوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، قانون کا آہنی ہاتھ ان کا تعاقب جاری رکھے گا۔ جبکہ ایس ایچ او مندرہ ملک تنویر اشرف نے کہا کہ یہ محض ایک گرفتاری نہیں بلکہ علاقے میں چھپے گینگز کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔ ملزمان انتہائی شاطر اور مسلح تھے، لیکن ہماری ٹیم کی بروقت جوابی فائرنگ نے انہیں سر اٹھانے کا موقع نہیں دیا۔ مفرور ساتھیوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے اور بہت جلد وہ بھی اپنے عبرتناک انجام کو پہنچیں گے۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد محمود ہمدانی نے کامیاب کارروائی پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

More posts