Baaghi TV

پولیس کی کاروائیوں سے منشیات فروشی نیٹ ورک بند،نشئیوں کا برا حال

قصور
ضلع بھر میں منشیات کے خلاف مؤثر کارروائیاں، ایک نیا موقع، ایک بڑی ذمہ داری

تفصیلات کے مطابق قصور ضلع بھر میں پولیس کی جانب سے منشیات فروشی کے خلاف جاری سخت اور مسلسل کارروائیاں لائقِ تحسین ہیں جس کی بدولت منشیات فروشی نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے
اس باعث عام شہریوں، بالخصوص نوجوان نسل کو اس مہلک لعنت سے وقتی تحفظ بھی حاصل ہوا ہے جو ایک مثبت پیش رفت ہے جس کے دور رس سماجی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں
تاہم اس تصویر کا ایک دوسرا اور زیادہ حساس رخ بھی ہے
وہ افراد جو طویل عرصے سے نشے کے عادی تھے اب منشیات کی عدم دستیابی کے باعث شدید جسمانی اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں
نشہ چھوٹنے کی یہ کیفیت اگر نظر انداز کی گئی تو یہ لوگ یا تو دوبارہ غیر قانونی راستوں کی طرف جائیں گے یا کسی اور تباہ کن عمل کا شکار ہو سکتے ہیں
یہی وہ نکتہ ہے جہاں حکومت اور محکمہ صحت کو پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو ایک سنہری موقع میں بدلنا چاہیے
ضرورت اس امر کی ہے کہ نشے کے عادی افراد کو مجرم نہیں بلکہ مریض سمجھا جائے اور انہیں طبی و نفسیاتی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ مستقل طور پر معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں
حکومت کو چاہیے کہ ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو، آر ایچ سی اور بیسک ہیلتھ یونٹس میں خصوصی سیلز قائم کرے جہاں نشے کے عادی افراد کے لیے مکمل طبی سہولیات میسر ہوں
جہاں ان سیلز میں نہ صرف ضروری ادویات فراہم کی جائیں بلکہ ماہر ڈاکٹروں اور نفسیاتی معالجین کی خدمات بھی دستیاب ہوں جو ان افراد کی ذہنی بحالی اور نشے سے مستقل نجات میں مدد دے سکیں
اگر ریاست واقعی منشیات سے پاک معاشرہ چاہتی ہے تو محض سپلائی لائن توڑنا کافی نہیں بلکہ نشے کے شکار انسانوں کی بحالی بھی اسی جنگ کا لازمی حصہ ہے
۔قصور میں جاری کارروائیاں ایک مضبوط بنیاد فراہم کر چکی ہیں، اب ضرورت اس بنیاد پر ایک جامع اور انسانی فلاح پر مبنی پالیسی کھڑی کرنے کی ہے

More posts