Baaghi TV

‎ترک صدر اردوان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دو روزہ سرکاری دورۂ ترکیہ کے دوران انقرہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور اسٹریٹجک شراکت داری سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
‎ترک ایوانِ صدر کے مطابق یہ ملاقات انقرہ ایئرپورٹ پر ہوئی، جہاں صدر رجب طیب اردوان قطر کے سرکاری دورے پر روانہ ہونے سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملے۔ ملاقات بند کمرے میں منعقد ہوئی، جس میں ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو اور قومی انٹیلی جنس ادارے (ایم آئی ٹی) کے سربراہ ابراہیم قالن بھی شریک تھے۔
‎اگرچہ سرکاری سطح پر ملاقات کی تفصیلی اندرونی گفتگو جاری نہیں کی گئی، تاہم سفارتی اور دفاعی حلقوں کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک۔ترک دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، دفاعی صنعت میں مشترکہ منصوبوں، علاقائی سلامتی، مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال اور اسٹریٹجک تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
‎یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی روابط مسلسل فروغ پا رہے ہیں۔ دونوں ممالک مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی پیداوار، ڈرون ٹیکنالوجی، بحری منصوبوں، عسکری تربیت اور دیگر دفاعی شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جسے دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کا اہم حصہ قرار دیا جاتا ہے۔
‎اس سے ایک روز قبل فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتاراولو سے بھی ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر انہیں ترکیہ کی مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی اعزاز سے نوازا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے فوجی تعلقات، پیشہ ورانہ تعاون اور دفاعی اشتراک کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
‎دفاعی مبصرین کے مطابق صدر رجب طیب اردوان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی یہ ملاقات پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے۔ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام، دفاعی تعاون اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی روابط کو مزید مستحکم بنانے پر متفق ہیں۔

More posts