صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ایوان صدر میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں ملک کو درپیش داخلی و خارجی امور، علاقائی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، سینیٹر شیری رحمان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی موجود تھے۔ شرکا نے قومی سلامتی اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات پر گفتگو کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے سے بھی آگاہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے اس معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے امن معاہدے کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے باہمی تعاون اور سفارتی روابط کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
صدر اور وزیراعظم نے پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں قومی سلامتی، داخلی استحکام اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے استحکام، سلامتی اور خوشحالی کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری ہم آہنگی کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔
صدر اور وزیراعظم کی اہم قومی امور پر مشاورت
